اسلام آباد:
ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان مسلسل جاری ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح میں 4.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور6 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ 21اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں1.26فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں5.01 فیصد،ٹماٹر16.86 فیصد،ایل پی جی 4.10 فیصد، سرسوں کا تیل 1.90 فیصد، لہسن 4.30 فیصد، جلانے والی لکڑی 2.07 فیصد، چینی 1.34 فیصد اور گھی کی قیمتوں میں1.87فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے برعکس کیلوں کی قیمتوں میں0.18 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں2.51فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں0.87 فیصد،چکن کی قیمتوں میں0.07 فیصد اورآٹے کی قیمتوں میں0.01 فیصد کمی واقع ہوئی۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.83فیصداضافے کے ساتھ2.33فیصد ہوگئی۔
17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 0.74فیصداضافے کے ساتھ2.47فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.62فیصد اضافے کے ساتھ4.07فیصد ہوگئی۔
اسی طرح 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.59 فیصداضافے کے ساتھ4.19فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.44 فیصد اضافے کے ساتھ 4.75فیصدرہی ہے۔