عمران خان نے باجوہ اور فیض حمید کے ساتھ مل کر میرے خلاف کیا کچھ نہیں کیا، نواز شریف

کسی نے بدترین ظلم برداشت کیے ہیں تو وہ ہم ہیں، پی ٹی آئی اپنا ایک منصوبہ دکھادے جس پر یہ فخر کرسکیں، لندن میڈیا ٹاک


ویب ڈیسک November 15, 2024

لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے جنرل (ر) باجوہ اور فیض حمید کے ساتھ مل کر میرے خلاف کیا کچھ نہیں کیا، اگر کسی نے بدترین ظلم برداشت کیے ہیں تو وہ ہم نے کیے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ خان صاحب کی باتوں کی مجھے کچھ سمجھ نہیں آتی انہوں نے جنرل (ر) باجوہ اور فیض حمید کے ساتھ مل کر میرے خلاف کیا کچھ نہیں کیا، میرا خیال ہے کہ اگر کسی نے بدترین ظلم برداشت کیے ہیں تو وہ ہم نے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تین بار کا وزیراعظم ہوں مجھے جیل میں اطلاع ملی کہ تمہاری بیوی فوت ہوگئی، ہم نے بدترین ظلم برداشت کیے یہ کس بات کا طعنہ دیتے ہیں؟ عدلیہ کے ساتھ سازباز کرکے ایک منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، انہوں نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو کچھ کرکے بھی کچھ نہیں جتاتے، ہم نے اللہ کے فضل سے پاکستان کی جو خدمت کی ہے اسے اپنا فرض سمجھ کر ادا کیا کوئی احسان نہیں کیا اور نہ ہمیں جتانے کی ضرورت ہے۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنا کوئی ایک منصوبہ دکھادے جس پر یہ فخر کرسکیں، عمران خان حکومت کی کارکردگی صفر رہی، عمران خان اور ان کی حکومت نے سب کچھ ڈبو دیا، اب ملک کے بہت برے حالات میں حکومت نے باگ ڈور سنبھالی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں