کراچی:
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔
کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی جس سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی اتر چکی ہے، اس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ اس کا چراغ بجھنے والا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں اور یہ محض اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا شکریہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو سلام جو اس وقت بھی عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوال ان قوتوں سے ہے جنہیں جماعت اسلامی کی امانت، حب الوطنی اور وطن کے لیے قربانیاں اچھی نہیں لگتیں، انہیں کچے اور پکے کے ڈاکو، کرپٹ مافیا، کرپشن اور قبضے کا نظام پسند ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کو انہوں نے پورے ملک بالخصوص سندھ کے عوام پر مسلط کیا ہوا ہے۔