نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کے واقعہ میں گھر کی دہلیز پر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ پولیس واقعہ کو ذاتی چپقلش کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی قلندریہ چوک کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
ایس ایچ او شارع نور جہاں فیض الحسن نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ کامران کے نام سے کی گئی جو کہ تعمیراتی ٹھیکیدار اور 3 بچوں کا باپ تھا جسے گھر کی دہلیز پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک گولی مقتول کو سینے پر لگی تھی۔
فیض الحسن کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو پتہ چلا ہے کہ واقعہ ذاتی چپقلش کا شاخسانہ ہے جس میں تابش نامی ملزم اپنی والدہ اور بہنوں کے ہمراہ مقتول کامران کے گھر آیا تھا جہاں ان میں ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑا بھی ہوا۔اس دوران تابش نے فائرنگ کر کے کامران کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا جس پر پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں قائم اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جبکہ پولیس ملزم تابش کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔