سابق سینیٹر اور اے این پی رہنما الیاس احمد بلور انتقال کرگئے

الیاس احمد گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیرعلاج تھے

عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے رہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور پشاور میں انتقال کرگئے۔

سابق سینیٹر الیاس احمد بلور کئی ماہ سے پشاور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ الیاس احمد بلور کے بھائی اور اے این پی کے سینیر رہنما غلام احمد بلور نے بتایا کہ الیاس احمد بلور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور آج صبح انتقال کرگئے۔ الیاس احمد بلور کی عمر 84 سال تھی۔

الیاس بلور  2012 میں اے این پی کے سنیٹر بنے تھے اور سیاست کے آغاز سے ہی اے این پی سے وابستہ تھے۔ الیاس احمد بلور کے بیٹے غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد الیاس بلور نے اپنی سیاسی سرگرمیاں ختم کردی تھیں۔

رہنما اے این پی ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ الیاس بلور کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم الیاس بلور اے این پی رہنما غلام احمد بلور اور شہید بشیر احمد بلور کے بھائی تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیاس احمد بلور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Load Next Story