ایکس مین اور ڈیڈ پول اسٹار ہیو جیکمین کا صحت سے متعلق انکشاف
ہیو جیکمین نے اپنے مداحوں سے جلد کے کینسر کا ٹیسٹ کرانے کی اپیل کردی
ویب ڈیسک |
November 16, 2024
جلد کے کینسر کا شکار ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ہیو جیکمین نے اپنی صحت سے متعلق ایک اہم انکشاف کیا ہے۔
مشہور ہالی ووڈ فلم ’ڈیڈ پول،’دی سن‘ اور’ایکس مین‘ کے اسٹار ہیو جیکمین نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں جلد کے کینسر کی ایک نایاب قسم کے شبہے پر طبی معائنے سے گزرنا پڑا، ہالی ووڈ اسٹار نے بتایا کہ انہیں 2023 میں انکی ناک پر موجود مشتبہ نشانات کے باعث بایوپسی کے لیے جانا پڑا۔
گزشتہ برس بھی اداکار نے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی تھی کہ ڈاکٹرز کو شبہ تھا کہ یہ ’بیسل سیل کارسینوما‘ ہو سکتی ہے، جو جلد کے کینسر کی ایک قابل علاج قسم ہے۔
ہیو جیکمین کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت بہت ڈر گئے اور کینسر کے باعث موت کے خوف نے انہیں ڈپریشن میں ڈال دیا تھا تاہم خوش قسمتی سے، ان کے ٹیسٹ کے نتائج نارمل آئے اور ڈاکٹرز نے انہیں سن اسکرین کے استعمال اور دھوپ سے بچاؤ کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ ہیو جیکمین جلد ایک دستاویزی فلم ’کونکرنگ اسکِن کینسر‘ میں نظر آئیں گے، جس کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ اس فلم میں وہ اپنی صحت کے متعلق مشکلات اور کینسر کے خطرے سے جڑے خوف کے بارے میں بات کرتے دکھائی دیں گے۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے جلد کے کینسر کا ٹیسٹ کرانے کی اپیل کی اور یقین دلایا آپ اس پر کبھی افسوس نہیں کریں گے۔
کونکرنگ اسکِن کینسر دستاویزی فلم میں جیکمین کے ساتھ اولمپین تیراک کیٹ کیمبل اور ڈیبوراہ ہٹن بھی شامل ہیں یہ فلم جلد ریلیز کی جائے گی۔
Load Next Story