آئیڈیاز 2024: کراچی کی کون سی سڑکیں بند ہوں گی؟ ٹریفک پلان جاری

19 نومبر سے 22 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں آئیڈیاز 2024 نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے


Munawar Khan November 16, 2024
فوٹو فائل

کراچی:

شہر قائد میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس نے رواں ماہ 19 نومبر سے 22 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئیڈیاز 2024 نمائش کی سیکیورٹی کے حوالے سے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دیدی۔

 ترجمان  ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 19 نومبر سے 22 نومبر تک صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک عارضی طور پر بند کیے جانے والے راستوں کی نشاندہی کی ہے جس میں اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر اور حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم تک دونوں فلائی اوورز ٹریفک کے لیے بتائے گئے اوقات میں بند ہونگے جبکہ اسی دورانیہ میں اسٹیڈیم روڈ آغا خان اسپتال سے بائیں جانب حسن اسکوائر (سرشاہ سلیمان روڈ) ٹریفک کے لیے بند رہیگا۔

ڈالمیا سے اسٹیڈیم سنگل سے دائیں جانب حسن اسکوائر کی جانب ٹریفک کو جانے اجازت نہیں ہوگی جبکہ یونیورسٹی روڈ نیپا سے آتے ہوئے ایکسپو سینٹر سے بائیں جانب اسٹیڈیم کی جانب جانے والا راستہ ٹریفک کے لیے بند رہیگا۔

 ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے متبادل راستوں ، فلٹر اور ڈائیورژن مقامات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس میں کار ساز شارع فیصل سے تمام ہیوی ، کمرشل اور واٹر ٹینکرز کا داخلہ عارضی طور پر بند جبکہ تمام ہیوی اور کمرشل گاڑیاں ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں گی۔

ملینیئم مال سے اسٹیڈیم روڈ پر ہیوی ٹریفک اور کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر بھی عارضی پابندی عائد ہوگی اور اس دوران ہیوی و کمرشل گاڑیاں نیپا عسکری فور اور ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیئم مال سے نیپا چورنگی کا راستہ اختیار کرینگی ، نیپا سے حسن اسکوائر تک ہیوی و کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اس دوران ہیوی ٹریفک و کمرشل گاڑیاں نیپا سے گلشن چورنگی اور وہاں سے سہراب گوٹھ یا نیپا سے ملینیئم مال سے ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کر سکتی ہیں۔

جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک ہیوی و کمرشل گاڑیوں ہرگز جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم ہیوی و کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز شہید ملت روڈ یا تین ہٹی کا استعمال کر سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نیو ٹاؤن یونیورسٹی روڈ پر اندرون علاقے سے آنے والی ہیوی ٹریفک و کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی اس دوران ٹریفک کو پیپلز چورنگی اور شہید ملت کی جانب روانہ کیا جائیگا، لیاقت آباد 10 نمبر سے جانب حسن اسکوائر ہیوی و کمرشل ٹریفک کو جانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی تاہم اس دوران ہیوی و کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز لیاقت آباد 10 نمبر سے دائیں جانب تین ہٹی کی جانب جا سکیں گے۔

ترجمان ک مطابق سر شاہ سلیمان روڈ حسن اسکوائر سے جانب نیشنل اسٹیڈیم روڈ کی دونوں اطراف کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی اس کے علاوہ غریب آباد سے شارع فیصل براستہ حسن اسکوائر یونیورسٹی روڈ نیپا کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

 ٹریفک پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں اور راستوں کی بندش اور استعمال کرنے والے راستوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں جبکہ شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کسی بھی سروس روڈ یا مین روڈ پر پارک کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پریشانی کی صورت میں رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر یا واٹس ایپ نمبر 03059266907 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں