استور گاڑی حادثہ، 11 لاشوں کی تلاش کیلیے دریائے سندھ میں افواج پاکستان کا سرچ آپریشن جاری

12 نومبر کو استور سے چکوال جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث دریا میں گر گئی تھی

راولپنڈی:

گلگت کے ضلع استور میں حادثے میں مرنے والے 11 باراتیوں کی لاشوں کو تلاش کرنے کے لیے پاک فوج اور نیوی کے ماہر غوطہ خوروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افواج پاکستان کا استور میں مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے، پاک فوج اور پاکستان نیوی کی ماہر غوطہ خوروں کی ٹیم نے دریا میں بہے جانے مسافروں کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی کامیابی نہیں مل سکی جبکہ لاشوں کے ریسکیو تک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 مشترکہ غوطہ خوروں کی ٹیم دریا سندھ میں بہہ جانے والے 11 مسافروں کی تلاش کررہی ہے۔

واضح رہے کے 12 نومبرکو استور سے چکوال جانے والی باراتیوں کی بس تھلیچی کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث دریا میں گر گئی تھی، جس میں 28 افراد سوار تھے اور ان میں سے صرف دلہن زخمی حالت میں زندہ بچی تھی۔

اب تک 15 لاشوں کو دریا سے نکالا جا چکا ہے جبکہ جدید آلات سے لیس افواج پاکستان کے ماہر غوطہ خور باقی 11 لاشیں تلاش کررہے ہیں۔

پاک نیوی کی ٹیم کی مدد سے سرچ آپریشن میں مزید تیزی آئے گی۔ افواج پاکستان  دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

Load Next Story