سائٹ ایریا میں کپڑوں کی فیکٹری اور ڈیفنس میں گھروں کے اندر لگنے والی آگ کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس حوالے سے ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سائٹ ایریا میں قائم کپڑوں کی فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
آگ فیکٹری عمارت کی تیسری منزل پر لگی تھی جس نے چوتھی منزل کو بھی اپنی لپٹ میں لے لیا تاہم عملے نے ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے کولنگ کا کا عمل شروع کر دیا جو رات گئے تک جاری رہے گا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے میں 4 فائر ٹینڈز اور ایک باؤزر نے حصہ لیا تاہم آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
دریں اثنا ریسکیو 1122 کے مطابق ڈیفنس فیز 4 گزری لین کے قریب آتشزدگی کی اطلاع پر فائر فائٹر موقع پر پہنچ گئے آگ گزری میں قائم 2 رہائشی گھروں میں لگی تھی جس کی اطلاع پر فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ایمبولینس اور 3 فائر ٹینڈرز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے اسے مکمل طور پر بجھانے کے لیے کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔
ترجمان 1122 کے مطابق آتشزدگی کے دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ فوری طور وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔