QALAT:
بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہونے والے حملے میں 7 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 15 اور 16 کی درمیانی شب کو دہشت گردوں نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا اور کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے ہیں۔
بیان کے مطابق علاقے میں کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اورپاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قلات میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
قبل ازیں سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 7 اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم کی 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور 4 کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پذیرائی کی اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل اورشہدا کی بلندی درجات کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے ملک سے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی بقا کی خاطر افواج پاکستان کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔