BEIJING:
چین کے مشرقی علاقے میں واقع ووکیشنل کالج میں سابق طالب علم کے چاقو کے حملے میں 8 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر ووکسی کے علاقے یکشنگ میں ووکسی ووکیشنل کالج آف آرٹس اینڈ ٹیکنالوجی میں سابق طالب علم میں حملہ کیا۔
پولیس نے بتایا کہ سابق طالب علم کو بظاہر اپنا گریجویشن کا سرٹیفکیٹ نہ ملنے اور امتحان میں ناکام ہونے پر غصہ تھا اور اسی کے نتیجے میں انہوں نے ووکیشنل کالج میں طلبہ پر چاقو سے حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مشتبہ طالب علم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس نے اپنے فعل کا اعتراف کیا ہے۔
یکشنگ پبلک سیکیورٹی بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کی شناخت 21 سالہ شو کے نام سے ہوئی ہے جنہوں نے رواں برس کالج میں گریجویشن کا امتحان دیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے امتحان میں ناکام ہونے اور گریجویشن سرٹیفکیٹ موصول نہ ہونے پر دیگر طلبہ پر حملہ کیا اور اس کے ساتھ ہی وہ انٹرن شپ کے لیے دیے گئے معاوضے سے بھی مطمئن نہیں تھے۔
مزید بتایا گیا کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور واقعے کی تفتیش بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ہی چین کے جنوبی شہر ژوہائے میں ایک کار ڈرائیور نے اسپورٹس سینٹر میں موجود لوگوں پر گاڑی چڑھا دی تھی اور اس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے تھے۔
چین کی حالیہ تاریخ میں اس واقعے کو سب سے خونی حملہ قرار دیا گیا تھا۔