گوجرانوالہ میں بھکاریوں کی ’دادی‘ کے چالیسویں پر 8 ہزار افراد کی پرتعیش دعوت، 1 کروڑ سے زائد خرچ
پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں بھکاریوں نے ’دادی‘ کے چالیسویں پر شاہ خرچی کی نئی مثال قائم کر کے سب کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے ٹبہ نگر محمد راہ والی میں گداگروں نے اپنی دادی کے چالیسویں کے موقع پر پرتعیش دعوت کا اہتمام کیا جس میں 8 ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔
مہمانوں کی تواضع کیلیے ڈھائی سو بکرے قربان کر کے 400 دیگوں میں مختلف پکوان بنوائے گئے جبکہ میٹھے میں مہمانوں کیلیے گاجر اور سیب کے مربے رکھے گئے تھے۔
منتظمین نے مہمانوں کیلیے پارکنگ کا خاص انتظام کیا جبکہ چالیسویں میں شرکت کرنے والوں کے ناشتے میں پائے اور نان پیش کیے گئے جبکہ مہمانوں کو شام کا کھانا مٹن ہی دیا گیا۔ تقریب میں ملک بھر سے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
140 سالہ سکینہ گداگروں میں ’دادی‘ کے نام سے مشہور تھیں جن کے بیٹوں نے اپنی ماں کے چالیسویں پر 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے۔