شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون اور نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی سیکٹر 8 گلی نمبر 2 میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعہ میں 40 سالہ دلشاد بی بی زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
عوامی کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران خاتون کے بھتیجے فدا حسین نے فائرنگ کی تھی جو کہ موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم، پولیس ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔
باغ کورنگی صائمہ سوسائٹی میں جھگڑے کے دوران کی جانے والی فائرنگ کی زد میں آکر 12 سالہ حق نواز زخمی ہوگیا جبکہ اتحاد ٹاؤن کے علاقے عابد آباد میں فائرنگ اور گرنے سے 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن ایاز خان نے بتایا کہ واقعہ شادی کی تقریب میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا جس میں 20 سالہ محمد علی گولی لگنے سے جبکہ 20 سالہ عدیل سڑک پر گرنے سے زخمی ہوا ہے جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔