لبنان میں حزب اللہ کیساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوجی ہلاک
لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا جب کہ حزب اللہ کا راکٹ حیفہ کی عبادت گاہ سے ٹکرانے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران 21 سالہ اوری نسانووچ نامی ایک فوجی مارا گیا۔
21 سالہ اوری نسانووچ یروشلم کا رہائشی تھا اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ملٹری آپریشن کرنے والی گولانی بریگیڈ کا حصہ تھا۔
لبنان کے جنوبی علاقوں میں ستمبر کے آخر سے جاری ملٹری آپریشن کے دوران حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 44 ہوگئی۔
دریں اثنا لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر ڈرون اور راکٹس برسائے۔
حیفہ پر بھی 10 راکٹس برسائے گئے جن میں سے کئی کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم ایک راکٹ عبادت گاہ کی عمارت کو لگا جسے بھاری نقصان پہنچا ہے۔
حزب اللہ کی اس گولی باری میں 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔