سابق سینیٹر الیاس احمد بلور اپنے آبائی قبرستان میں سپردخاک
پشاور کے مشہور صنعتکار اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور کو اپنے آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
الیاس بلور کے جنازے میں حاجی غلام احمد بلور، غضنفر بلور، میاں افتخار حسین، سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاو، پی پی پی کے ظاہر شاہ، پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر قاسم علی شاہ، سابق وزیر اعلیٰ مہتاب احمد عباسی اور دیگر شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کے بزنس کمیونٹی اور پشاور کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعائیں کی۔
مزید پڑھیں؛ سابق سینیٹر اور اے این پی رہنما الیاس احمد بلور انتقال کرگئے
واضح رہے کہ کئی ماہ سے زیر علاج سابق سینیٹر الیاس احمد بلور گزشتہ روز پشاور کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ 84سالہ الیاس احمد بلور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔
الیاس بلور 2012 میں اے این پی کے سنیٹر بنے تھے اور سیاست کے آغاز سے ہی اے این پی سے وابستہ تھے۔ الیاس احمد بلور کے بیٹے غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد الیاس بلور نے اپنی سیاسی سرگرمیاں ختم کر دی تھیں۔