ایشین جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ، 18 رکنی قومی ٹیم عمان جانے کیلئے تیار

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جینے والے پہلے پاکستانی سفیان خان نائب کپتان کی ذمہ داری ادا کریں گے


ویب ڈیسک November 17, 2024
جونیئر ہاکی ٹیم جمعرات کو عمان روانہ ہوگی—فوٹو: فائل

کراچی:

ایشین جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 18 رکنی پاکستان جونیئرٹیم عبدالحنان کی قیادت میں جمعرات کو کراچی سے عمان کے شہر مسقط روانہ ہوگی۔

ایشیشن جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیت کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی سفیان خان نائب کپتان کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

ٹورنامنٹ 26 نومبرسے 4 دسمبر تک شیڈول ہے، 10 ٹیموں کے ایونٹ کوعالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی حیثیت حاصل ہے۔

ایونٹ میں پہلی 6 پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ایف آئی ایف کے تحت اگلے برس ہونے والےعالمی جونیئر کپ میں شرکت کی حامل ہوں گی۔

ایشین جونیئرکپ کے لیے قومی جونیئر اسکواڈ فیضان جنجوعہ،علی رضا( گول کیپرز)، سفیان خان، عقیل احمد، بلال اسلم، ندیم خان، محمد زین، وسیم، سمیع( ڈیفینڈرز)، ذکریا حیات، محمد احمد مدی،عبدالحنان شاہد( مڈ ڈیفینڈر)، مغیرہ، رانا ولید، حمزہ فیاض، بشارت، قیوم ڈوگر اور سیف اللہ( فارورڈز) پر مشتمل ہے۔

ایشین جونئیرکپ میں شریک 10 ٹیموں کو دوگروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے  دفاعی چیمپئین بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور چائینیز تائپے پر مشتمل ہے۔

گروپ بی میں پاکستان، بنگلا دیشں، چین، ملائشیا اور میزبان عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پاکستان اپنا پہلا گروپ میچ 27 نومبر کو چین کے خلاف کھیلے گا، اگلے روز دوسرے میچ میں بنگلا دیشں سے مقابلہ ہوگا، 30 نومبرکو قومی جونیئر ٹیم اپنے تیسرے میچ میں ملائشیا سے مقابلہ کرے گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے 1988 میں کراچی میں ہونے والا پہلا ایشین جونیئرکپ جیتنے کے بعد 1992 اور پھر 1996 میں منعقدہ ایونٹ جیت کرمسلسل تین مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پاکستان مجموعی طور پر7 مرتبہ ایشین جونیئر کپ کا فائنل کھیل چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں