اجے دیوگن کا سوشل میڈیا پر طنز: "اصل ناظرین کے پاس وقت نہیں!"
ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ 2024 میں بالی وڈ کے سپر اسٹارز اجے دیوگن اور اکشے کمار نے فلم انڈسٹری میں بدلتے رجحانات اور باکس آفس کے جنون پر کھل کر بات کی۔ دونوں اداکاروں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے اثرات، اسٹارز کی فیسز، اور عوام کی فلموں کے کلیکشن پر بڑھتی ہوئی توجہ جیسے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اجے دیوگن نے کہا کہ عام فلم بین باکس آفس نمبرز کی زیادہ پرواہ نہیں کرتے بلکہ یہ سوشل میڈیا اور کچھ مخصوص حلقے ہیں جو اس جنون کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، "ناظرین کو صرف فلم پسند آتی ہے یا نہیں۔ وہ کلیکشن کے بارے میں زیادہ فکر نہیں کرتے۔ یہ سب ہائپ زیادہ تر سوشل میڈیا پر ہوتی ہے، جہاں لوگ ٹریلرز پر لاکھوں تبصرے کرتے ہیں۔ لیکن حقیقی ناظرین کے پاس ان سب چیزوں کا وقت نہیں ہوتا۔"
اکشے کمار نے اس مسئلے کا ایک دلچسپ حل پیش کرتے ہوئے کہا، "میں اجے سے کہہ رہا تھا، سوچیں اگر سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے کے لیے پانچ روپے کا چارج لگ جائے تو سب کچھ نارمل ہو جائے گا!" اس تجویز پر سامعین نے قہقہے لگائے۔
اجے دیوگن اور اکشے کمار دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلموں کو صرف ان کے مواد اور معیار کی بنیاد پر پرکھا جانا چاہیے، نہ کہ باکس آفس نمبروں کی بنیاد پر جانچنا چاہئے۔