ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل ابھی دور ہے، مریم اورنگزیب
پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہلی اسموگ کے اسکور میں 601 سے 720 پر پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور میں صبح 247 کے اسکور کے مقابلے میں شام کو اسموگ مزید کم ہوکر 177 کے اسکور پر آ گیا تھا، جبکہ بھارت میں فصلیں جلانے کے دھوئیں سے فضائی آلودگی مزید بڑھ گئی ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر نے کہاکہ مشرقی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے بھارت سے کالے دھوئیں کی پاکستان آمد فی الحال رکی ہوئی ہے اورپاکستان میں آج رات نظر آنے والی 'دھند' گندم کٹائی کے بعد پیدا ہونے والی فضائی کیفیت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ اداروں اور عوام کے تعاون سے صورتحال میں بہتری نظر آئی ہے،مشترکہ کاوشیں جاری رکھنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے، تاہم وزیراعلی مریم نواز شریف کے ماحولیاتی بہتری کے وژن پر عمل درآمد سے آنے والے چند سالوں میں نمایاں بہتری نظر آئے گی-