پہلے کی طرح 24 نومبر کا احتجاج بھی کامیاب رہے گا، وزیراعلیٰ کے پی
خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی عہدیداروں اور صوبے سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے کی طرح یہ احتجاج بھی کامیاب رہے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مطابق پشاور میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور تنظیمی عہدیداران کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ہزارہ، ملاکنڈ، پشاور اور ساؤتھ ریجنز کے پارلیمنٹیرینزاوردیگر پارٹی قائدین کے الگ الگ اجلاس منعقد کیے جہاں 24 نومبرکے احتجاج کے لیے انتظامات اور لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں24 نومبر کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ24 نومبر کے احتجاج کی کال بانی چئیرمین عمران خان نے خود دی ہے، یہ فائنل اور فیصلہ کن کال ہے، تمام مطالبات کی منظوری تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے پورا زور لگائیں گے اورچاہے کچھ بھی ہو پیچھے نہیں ہٹیں گے، پارلیمنٹیرینز اور دیگر پارٹی قائدین اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی تنظیموں، ورکرز اور عوام کو پوری طرح متحرک کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں یونین کونسلز کی سطح پر پارٹی کی تمام ذیلی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں اوراحتجاج کے لیے زیادہ سے زیادہ عوام کو نکالنے اور اسلام آباد تک پہنچانے کے لیے تمام تیاریوں اور انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پہلے کی طرح 24 نومبر کا احتجاج بھی کامیاب رہے گا اور ہم اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب ہوں گے۔