اس بار پختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا تہیہ کررکھا ہے، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اس بار خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا تہیہ کررکھا ہے۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے پورا بندوبست کیا گیا ہے۔ جعلی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے، اس بار بھی پہنچیں گے۔ کنٹینرز عوام کے جوش و جذبے کے سامنے ریت کی دیواریں ثابت ہوں گے۔ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختون خوا کا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اس بار خیبر پختون خوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا مکمل تہیہ کررکھا ہے۔ اس بار مطالبات کی منظوری تک واپسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کو نکال کر مینڈیٹ کو واپس کرنا ہوگا۔