کراچی:
میٹھادر بولٹن مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کر دیا، پولیس نے ابتدائی تفتیش میں فائرنگ کے واقعے کو زمین کا تنازعہ قرار دے کر تفتیش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق میٹھادر تھانے کے علاقے بولٹن مارکیٹ کراچی چیمبر آفس کامرس کے دفتر کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے، مقتول نوجوان کی لاش ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کی گئی۔
مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ محمد اسامہ ولد محمد اشرف کے نام سے کی گئی جو بہار کالونی لیاری کا رہائشی اور اسکا آبائی تعلق نارووال پنجاب سے تھا۔ مقتول نوجوان کا بولٹن مارکیٹ زہرہ اسکوائر میں گڈز ٹرانسپورٹ کا اپنا دفتر تھا۔
مقتول نوجوان کو موٹر سائیکل پر آنے والے 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے 5 گولیاں ماریں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول نوجوان کے کزن نے پولیس کو بتایا ہے کہ مقتول نوجوان کا اپنے چچا اور بھتیجے کے ساتھ نارووال میں زمین کا تنازعہ چل رہا تھا اور فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس جائے وقوع کے اردگرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جا سکے، واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔