اگر طالبان کی طرح الجہاد کے نعرے لگائیں گے تو برتاؤ بھی ویسا ہی ہوگا، عظمیٰ بخاری

جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہو اس کو خبر بنا دیا جاتا ہے، وزیر اطلاعات پنجاب


ویب ڈیسک November 18, 2024

لاہور:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اندر الجہاد الجہاد کے نعرے لگے، اگر طالبان کی طرح الجہاد کے نعرے لگائے جائیں گے تو ان کے ساتھ ایسا ہی برتاؤ ہوگا جیسے طالبان کے ساتھ کیا گیا تھا۔

ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک خاتون تو اتنی غیر سیاسی ہے کہ گھر بیٹھ کر عمران خان کو ریموٹ سے چلاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاست کرنی ہے تو کھل کر کریں کیونکہ سیاست دل گردے کا کام ہے لیکن یہ فیصلہ کر لیں کہ سیاست آپ نے کرنی ہے یا حلیمہ خان نے کرنی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا بشریٰ بی بی اپنے بچوں کو ساتھ لے کر چلیں گی؟ کیا بیرسٹر گوہر بھی اپنی فیملی کو مرنے مارنے کے لیے ساتھ لائیں گے؟ یہ منافقت نہ کریں آپ لوگ سرکاری ملازمین کو پیسے دے کر لاتے ہیں، جہاد کا اعلان کروانا ہے تو قاسم اور سلیمان ٹیرین کے ساتھ کریں۔

مزید پڑھیں؛ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں الجہاد الجہاد کے نعرے لگ گئے

یو اے ای فنڈ میں سرمایہ کاری سے متعلق بیان

صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں عوامی مسائل اور مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے خبریں آنا شروع ہیں تو دوسری طرف جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہو اس کو خبر بنا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، عام آدمی کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔

مزید پڑھیں؛ یو اے ای فنڈز میں سرمایہ کاری، وزیر اطلاعات پنجاب نے انگریزی اخبار کے آرٹیکل کو غلط قرار دیدیا

صحت پروگرام

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت صحت کے حوالے سے اجلاس جاری ہے، پنجاب میں ڈائلسز کی سہولت کے حوالے سے پروگرام شروع کر رہے ہیں جس کے تحت ڈائلسز کا مریض 10 لاکھ روپے تک کا علاج کرا سکے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے صوبے میں 25 سے 30 فیصد لوگ پنجاب کے علاؤہ دوسرے صوبوں سے ڈائلسز کے لیے آتے ہیں اور وزیر اعلیٰ کی خاص ہدایات ہیں کہ تمام صوبوں سے آنے والے مریضوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ گھر بیٹھے لوگوں کو انسولین پرووائیڈ کرنے کے پروگرام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں