اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان پر درج مقدمات کی رپورٹ پیش کردی گئی۔
اسلام آباد پولیس نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف وفاقی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات سے متعلق حتمی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی۔ پولیس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں 62 مقدمات درج ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عمران خان کی بہن نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی ۔ نورین نیازی نے اڈیالہ جیل میں قید اپنے بھائی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا ۔ درخواست گزار کی جانب سے شاہینہ شہاب الدین اور مرزا عاصم بیگ ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی حتمی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق مختلف تھانوں میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 62 مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے گزشتہ سماعت پر مقدمات کی زبانی تفصیل بتائی تھی تاہم عدالت نے حتمی رپورٹ پیش کرنےکا حکم دیا تھا۔