نندی پور پاور پلانٹ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہوگیا

پلانٹ فرنس آئل پر چلنے کے لیے تیار نہیں، بجلی کی فراہمی شروع نہ ہوسکی، ذرائع

پلانٹ فرنس آئل پر چلنے کے لیے تیار نہیں، بجلی کی فراہمی شروع نہ ہوسکی، ذرائع فوٹو؛فائل

وفاقی حکومت کی طرف سے تمام ترکوششوں کے باوجود 425 میگاواٹ کا نندی پور پاور پلانٹ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہوگیا۔


نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) ذرائع کے مطابق نندی پور پاور پلانٹ کے ذریعے اب تک سسٹم کوبجلی کی فراہمی شروع ہی نہ ہو سکی، حکام کے مطابق ڈیزل کے ذریعے بجلی کی پیداواری قیمت خاصی مہنگی پڑتی ہے اوردوسری طرف پلانٹ فرنس آئل پر چلنے کیلیے ابھی تک تیار ہی نہیں، ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جب یہ پلانٹ فرنس آئل کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو جائے تو اس وقت اس سے بجلی کی مسلسل پیداوار کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

اس سلسلے میں ایکسپریس نے جب نندی پورمنصوبے کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) محمود سے رابطہ کیا تو ان کاکہنا تھا کہ یہ پلانٹ ڈیزل اور فرنس آئل دونوں پر چل سکتا ہے، لیکن ابھی فرنس آئل کا اسٹرکچر تیار نہیں ہوا، تاہم وہ اپنے اختتامی مراحل میں ہے، انھوں نے بتایا کہ پلانٹ ستمبرتک فرنس آئل کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو جائے گا، کیپٹن (ر) محمود نے مزید بتایاکہ نندی پورمیں دن کے اوقات میں کام کرتے ہیں جبکہ رات کے وقت مشین چلاتے ہیں، حکومت نے بجلی بحران کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزل پر چلانے کی ہدایت کی، لیکن اس سے بجلی کی فی یونٹ قیمت خاصی مہنگی پڑتی ہے، جس کا سارا بوجھ صارفین پر پڑے گا، لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد فرنس آئل کے ذریعے بجلی پیداکی جائے۔
Load Next Story