آئی ٹی کی برآمدات 35 فیصد اضافے سے 1 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں

وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں، وزیر مملکت شزہ فاطمہ


ویب ڈیسک November 18, 2024
فوٹو فائل

اسلام آباد:

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں آئی ٹی کی برآمدات تقریبا 35 فیصد اضافے سے 1 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شزہ فاطمہ نے بتایا کہ رواں مالی سال 2024-2025 کے پہلے چار ماہ میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات میں 34.9 فی صد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی تا اکتوبر آئی ٹی برآمدات 1.206 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں آئی ٹی برآمدات 894 ملین ڈالرز تھیں۔

وزیرمملکت کے مطابق اکتوبر 2024 میں آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات میں 330 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے کے مقابلے میں 38.6 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال اکتوبر میں آئی ٹی برآمدات 238 ملین ڈالرز تھیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں، ایس آئی ایف سی کی بھر پور معاونت سے وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹویئر ایکسپورٹ بورڈ، آئی ٹی انڈسٹری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لیے کوشاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں