ریچھ بن کر انشورنس کمپنیوں کو دھوکا دینے والے افراد گرفتار

چار افراد کو انشورنس کمپنیوں سے دھوکا دہی کے ذریعے 1 لاکھ 42 ہزار ڈالر اینٹھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا

(تصویر: اے پی)

امریکا میں ریچھ کا روپ دھار کر گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد نے گاڑیوں کے ریچھ سے نقصان پہنچنے کا بتاکر انشورنس کمپنیوں سے ہزاروں ڈالر کا فراڈ کیا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ’آپریشن بیئر کلا‘ میں کیلیفورنیا انشورنس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ لاس اینجلس کے چار رہائشیوں کو بدھ کے روز انشورنس کمپنیوں سے دھوکا دہی کے ذریعے 1 لاکھ 42 ہزار ڈالر اینٹھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ان افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی گاڑیوں کو ایک ریچھ نے نقصان پہنچایا ہے۔

ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے جنوری کے مہینے میں پیش آنے والے ایک واقعے کی ویڈیو فراہم کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ریچھ رولس رائس اور دو مرسیڈیز کے اندر گھس رہا ہے۔

ساتھ ہی انشورنس ڈیپارٹمنٹ کی فراہم کردہ تصاویر میں سیٹ اور دروازوں پر نشانات کو دیکھا گیا۔

رولس رائس کی ویڈیو دکھنے پر کمپنی کو شک ہوا کہ گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والا کوئی ریچھ نہیں بلکہ ریچھ کے روپ میں کوئی شخص ہے۔

تحقیقات کرنے والوں کو ایک ہی جگہ اور ایک ہی تاریخ میں دو مختلف کمپنیوں میں دائر کیے گئے دو مزید کلیم کا بھی سراغ لگا۔ ساتھ ہی ان کلیمز میں بھی وہی ویڈیو فراہم کی گئی تھی جس میں ریچھ مرسیڈیز کے اندر گُھسا تھا۔

ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد تحقیقات کرنے والوں مشتبہ افراد کے گھروں سے ریچھ کا لباس برآمد کر لیا۔

Load Next Story