اینٹی نارکوٹکس فورس نے کھلے سمندر میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ انسداد منشیات آپریشن کے دوران 27ارب 80کروڑ روپے مالیت کی 962 کلوگرام چرس اور کرسٹل قبضے میں لے لیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ کارروائی انسداد منشیات آپریشن کے دوران کھلے سمندر میں رواں سال کی بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران 871 کلوگرام چرس اور91 کلوگرام کرسٹل تحویل میں لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں 2 مشکوک اسپیڈ بوٹس منشیات کی بڑی کھیپ کی نقل وحرکت میں ملوث پائی گئیں، دوران سرچنگ ان اسپیڈ بوٹس تلاشی کے لیے روکا گیا جس کے دوران ڈرگ سے لدی کشتی پر سوار اسمگلرز کی محدود تعداد نے سمندر میں چھلانگیں لگا دیں اور کارروائی سے بچنے کے لیے دوسری اسپیڈبوٹ کے ذریعے راہ فرار اختیار کی۔
ترجمان کے مطابق منشیات کے اسمگلرز عموما سمندر میں اس وقت کا انتخاب کرتے ہیں جب بیک وقت زیادہ کشتیاں سمندر میں موجود ہو تاکہ پکڑے جانے سے بچنے کے لیے یہ ایک راستہ ہو،کئی مرتبہ یہ ڈرگ اسمگلرز منشیات کو سمندر برد کرنے کے علاوہ ثبوت مٹانے کے لیے پوری لانچ کوآگ لگا دیتے ہیں۔
اسپیڈ بوٹس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا اصل ہدف سمندر میں موجود مدرشپ ہوتی ہے جس پر یہ تیز رفتار فائبر سے بنی چھوٹی اسپیڈ بوٹس منشیات پہنچانے کا کام کرتی ہیں جس کے بعد اس کی بین الاقوامی سطح پر اسگلنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتاہے تاہم مذکورہ اسپیڈ بوٹس کو اس مدربوٹ تک رسائی سے قبل ہی روک لیا گیا تھا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس، پاکستان نیوی اورپی ایم ایس ایس اے کےساتھ سمندر میں مربوط انسداد منشیات آپریشن کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی۔