کراچی؛ پولیس کا گٹکا ماوا کارخانے پر چھاپہ،5 ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل
گلشن معمار میں پولیس نے بڑے پیمانے پر گٹکا اور ماوا تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مار کر 5 ملزمان کو گرفتار کر کے گٹکے کی تیاری اور پیکنگ میں استعمال کیے جانے والا سامان اور مشینری برآمد کرلی۔ ایس ایس پی ویسٹ نے گٹکے اور ماوے کی مبینہ سرپرستی کے الزام میں ایس ایچ او گلشن معمار اور ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن کو بھی معطل کر دیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق گلشن معمار پولیس نے سیکٹر ایکس میں قائم بنگلے میں قائم گٹکے اور ماوے کے کارخانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 5 ملزمان مجیب اللّٰہ ، فیاض ، محمد عمیر ، محمد حفیظ اور محمد عدنان کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس نے کارخانے سے 7 مکسچر مشین ، پیکنگ مشین ، کٹر مشین ، 92 بورے چھالیہ ، بھاری تعداد میں راجہ جانی تمباکو ، رتنہ ، چونا اور گٹکا ، ماوے میں استعمال کیے جانے والا دیگر سامان برآمد کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الہی مستوئی کا کہنا ہے کہ گٹکا کارخانے کی سرپرستی اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمہ جاتی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ایس ایس پی ویسٹ نے گٹکا اور ماوے کی مبینہ سرپرستی کے الزام میں ایس ایچ او گلشن معمار غفار کورائی اور ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن ارشد خان کو معطل کر دیا ہے اور ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ آئی جی سندھ کی ٹاسک فورس نے چند روز قبل اورنگی ٹاؤن تھانے کے قریب گٹکا فیکٹری پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں تیار گٹکا اور ماوے سمیت دیگر سامان برآمد کیا تھا۔