"آرٹس کونسل کا عوامی تھیٹر فیسٹیول: 'منزل ہے آسماں' نے دل جیت لیے"

میوزیکل شو "شردھانجلی" میں برصغیر کے لیجنڈ موسیقاروں اور اداکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا


ویب ڈیسک November 18, 2024

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام جاری 21 روزہ عوامی تھیٹر فیسٹیول عوامی دلچسپی کا مرکز بن گیا۔ دسویں روز دو شاندار پرفارمنسز "منزل ہے آسماں" اور تھیٹریکل میوزیکل شو "شردھانجلی" پیش کی گئیں، جنہیں دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈرامہ "منزل ہے آسماں" ذوالفقار چاچڑ کی زندگی پر مبنی ایک متاثر کن کہانی تھی، جو غربت کے باوجود اپنی تعلیم مکمل کرتا ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا کہ کس طرح ایک غریب نوجوان، وڈیرے کے بیٹے کی مخالفت کے باوجود، تعلیم کی طاقت سے اپنی زندگی بدل دیتا ہے۔ اس ڈرامے کے رائٹر شوکت علی مظفر اور ڈائریکٹر الیاس ندیم تھے، جبکہ اداکاروں میں زاہد خان، شہنیلا قریشی، یوسف خان اور دیگر شامل تھے۔ شائقین نے کہانی کے مضبوط پیغام کو سراہا۔

میوزیکل شو "شردھانجلی" میں برصغیر کے لیجنڈ موسیقاروں اور اداکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شو میں نورجہاں، لتا منگیشکر، احمد رشدی، وحید مراد، خواجہ خورشید انور جیسے نامور شخصیات کے گیت اور پرفارمنسز شامل تھیں۔ پروگرام کو ترتیب دینے والے آدم راٹھور اور پرفارم کرنے والے فنکاروں کی کاوشوں پر شائقین نے دل کھول کر داد دی۔

آرٹس کونسل کا یہ فیسٹیول ہر عمر کے شائقین کو نہ صرف تفریح فراہم کر رہا ہے بلکہ اہم سماجی پیغامات بھی اجاگر کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں