خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

نانی کے گھر چھٹیاں گزارنا
 جمیلہ فرید، ساہیوال

خواب : میری چھوٹی بہن نے خواب میں دیکھا کہ ہم اپنی نانی کے گھر گرمیوں کی چھٹیوں میں آئے ہوئے ہیں ۔ یہاں میری نانی کے رشتے داروں کے ہاں ہماری دعوت ہوتی ہے جس میں مجھے بہت خوبصورت قلم ملتا ہے جس سے میں قرآن پاک کی آیات لکھتی ہوں ۔ سب لوگ یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور میں خود بھی حیران ہو رہی ہوتی ہوں کہ اتنی خوبصورتی سے میں نے کیسے لکھ لیا ۔ یہاں پر موجود لوگ مجھ سے اصرار کرتے ہیں کہ میں ان کو بھی کچھ لکھ کر دوں ۔ اور میں خوشی خوشی ان سب کے لئے فرمائشیں نوٹ کرنے لگ جاتی ہوں ۔ 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی ۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ 

بیل خریدنا 
شمسہ رحمان، سرگودھا

خواب : یہ خواب میں نے نہیں بلکہ میرے ابو نے دیکھا ہے کہ ہم ایک بیل خرید کے لائے ہیں اور ہم نے اس کو اپنے صحن میں باندھ دیا ہے۔ ہمسائے وغیرہ بھی آ کر ہم کو مبارک باد دیتے ہیں ۔ پھر میں اس کے آگے چارہ ڈالتی ہوں مگر وہ کھاتا نہیں۔کچھ دیر بعد ہم دیکھتے ہیں کہ وہ کہیں نہیں ہے ۔ ہم سارا علاقہ دیکھتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں ہوتا ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ کاروبار اور نوکری میں مالی پریشانی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کریں ۔ چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کیا کریں ۔

دعوت کا انتظام
لبنیٰ شاد، حیدرآباد 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی دعوت کا انتظام کر رہی ہوں، گھر میں ملازمہ بھی ساتھ کام کر رہی ہے ۔ وہ سارا فرش دھو کر صاف کرتی ہے تو مجھے ہر جگہ گندگی کے نشان نظر آتے ہیں ۔ میں بہت پریشان ہوتی ہوں کہ یہ کس نے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر رکھ دیے ہیں ۔ پریشانی کے مارے میری حالت خراب ہونے لگتی ہے اور میں کسی جگہ پریشان ہو کر بیٹھ جاتی ہوں ۔ بس اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : یہ خواب اللہ نہ کرے پریشانی و حرام مال کو ظاہر کرتا ہے۔ کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاھرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ھر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں ۔ ہو سکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

گوشت کی کڑاہی 
امجد وڑائچ، سیالکوٹ

خواب : میں نے دیکھا کہ میرے والد صاحب اپنی دوکان سے تحفے میں ملنے والا گوشت کو امی کو دے رہے ہیں کہ وہ پکا دیں مگر امی پریشان ہیں کہ جانے کس چیز کا گوشت ہو مگر میرے دادا جان ان کو کہتے ہیں کہ یہ خرگوش کا گوشت ہے اور بہت اچھا ہے پکا کر سب کو کھلا دیں ۔ اس پہ میری والدہ اس کو لے کر کہیں چلی جاتی ہیں ۔ پھر دیکھا کہ ہم سب بہت ہی لذیذ کھانا کھا رہے ہیں جس کا ذائقہ بہت ہی مزیدار ہوتا ہے اس کی تعبیر بتا دیں۔ 

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

کالج میں حلوہ بانٹنا
نیلم حسن، کراچی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج میں کسی حلوے نما چیز کے ڈبے بانٹ رہی ہوں ۔ میرے اساتذہ اور کالج کے تمام طلبہ خوشی خوشی وہ حلوہ لینا چاہ رہے ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں کوئی خوشخبری آنے والی ہے ۔ رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

 سفر میں بس خراب ہونا
زاہد رانا، بہاولپور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں بس میں کہیں جا رہا ہوں ۔ راستے میں اچانک بس خراب ہونے پہ دوسری سواریوں کے ساتھ میں بھی وقت گزارنے کو ٹہلتا ہوا کھیتوں کی طرف نکل جاتا ہوں ۔ وہاں کچھ آدمی بیٹھے کھانا کھا رہے ہوتے ہیں ۔ سلام دعا کے بعد وہ مجھے اپنے ساتھ کھانے میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں جو کہ میں قبول کر لیتا ہوں ۔ کھانا ہوتا تو سادہ ہے مگر بے حد لذیذ جس کا ذائقہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ دل میں مسلسل خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ھم کو یہ نعمت دی ۔ وہ خوشی سکون اور مزہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ،کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

سامان خریدنا
 کامران ڈھڈی، سرگودھا 

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ بازار آتا ہوں اور مختلف سامان خریدنے میں اس کی مدد کر رہا ہوں ۔ اور خود بھی کچھ چیزیں خرید رہا ہوں مگر گھر آ کر مجھے بہت حیرت ہوتی ہے کہ میرے سامان میں بس کوئلے کا لفافہ ہوتا ہے اور میں پریشانی کے عالم میں یہی سوچتا رہتا ہوں کہ نجانے یہ کیسے میرے سامان میں آ گئے جبکہ ہم نے خریدے بھی نہیں۔ 

تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ مالی معاملات میں پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ غیر ضروری اخراجات یا اصراف اس کا سبب ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ و خیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں ۔

صحن کی صفائی
نسرین اختر 

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے صحن میں صفائی کر رہی ہوں ۔ وہاں جو کونے میں درخت ہے اس کے نیچے سے دھوتے ہوئے اچانک کوئی چیز میرے اوپر گرتی ہے جس سے میں ایک دم بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں ۔ دیکھتی ہوں تو وہ ایک پتلا سا کالا سانپ ہوتا ہے جو میری طرف لپکتا ہے ۔ میں تیزی سے جھاڑو اس کی طرف پھینکتی ہوں مگر وہ اس کو لگتا نہیں اور وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میری ٹانگ پہ اچھل کے کاٹ لیتا ہے ۔ 

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھے ۔ 

دوست تحفہ دیتاہے
نثار احمد ، سرگودھا

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوست کے فارم پہ ہوں اور اس نے مجھے ایک بہت ہی خوبصورت گھوڑا دیا ہے جو کہ بے حد مضبوط و توانا ہے۔ میں اس کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں اور خوشی خوشی اپنے گھر آتا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلائی ہو گی ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ اور یا حی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ 

 کھجوریں اکٹھی کرنا
نصرت خان، حیدر آباد

خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک بڑے سے برتن میں مختلف اقسام کی کھجوریں لے کر بیٹھی ہوں اور سب کو باری باری چکھ رہی ہوں اس کے ساتھ ساتھ سوچ رہی ہوں کہ کس کس کو میں یہ منفرد کھجوریں بھیجوں گی ۔ میری ساس بھی ادھر موجود ہیں اور وہ بھی کافی خوش ہیں اور ایک بڑی ٹرے میں بہت سارا کھجوروں کا ڈھیر جمع کر رہی ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی ۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

بیٹا گم ہونا
عالیہ رشید، کراچی 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے بیٹے کو تلاش کر رہی ہوں جو کہ شاید کہیں چلا گیا ہے مگر یہ مجھے سمجھ نہی آ رہی کہ وہ کدھر ہے ۔ بس کچھ ایسا محسوس ہو رہا ہے ۔ خواب میں جیسے میں اس کی تلاش میں ہوں ۔ سارا خواب ایسے ہی دیکھا کہ جیسے میں ادھر سے ادھر اس کو تلاش کرتی پھر رہی ہوں ۔ 

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

موتیوں سے بھرا ڈبہ
علم الدین، کوئٹہ 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ مجھے ایک ڈبے میں کچھ قیمتی موتی و پتھر ملتے ہیں ۔ میں خواب میں ہی سوچ رہا ہوں کہ اب ان کو کیسے بیچ کر کچھ پیسے حاصل کروں ، مگر وہ کہاں سے آئے یہ نہیں پتہ مگر بس اپنے ھاتھ میں وہ ڈبہ دیکھا اور اس میں مختلف رنگوں کے چمکدار موتی و پتھر دیکھے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے ۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

فوت شدہ رشتہ دار پریشان حال
نیرہ یوسف، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری خالہ جو کہ وفات پا چکی ہیں۔ اپنی بیٹی کے لئے پریشان ہیں ۔ اور کافی زیادہ پریشانی میں بیٹھی ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ میری ممانی جو کہ وفات پا چکی ہیں وہ بھی کافی پھٹے پرانے لباس میں ہیں اور کسی حد تک پریشان ہیں ۔ 

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے ۔ جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے کیا کریں ۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

کھانا بانٹنے کی تیاری
 نادیہ نجف، گوجرانوالہ 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی بڑے سے ہال میں ہوں اور وہاں پر میزوں پر کھانا لگا ہوا ہے اور میں ان کو مختلف ڈبوں میں پیک کر کے بانٹنے کے لئے تیار کر رہی ہوں ۔ اس میں میرے ساتھ میری والدہ بھی ہیں جو مجھے مختلف لوگوں کے نام لے کر یاد کروا رہی ہیں کہ فلاں کو بھی لازمی دینا ۔ پھر اس کے بعد وہی ڈبے میں دیکھتی ہوں کہ میں لوگوں کو دے رہی ہوں جو کوئی میرے جاننے والے نہیں ہیں مگر پھر بھی میں کافی خوشی سے ان کو دے رہی ہوں ۔ 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر چیز میں برکت ہو گی ۔ اگر بیمار ہیں تو شفا ملے گی ۔کاروبار میں بھی بہتری ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں ۔

چاول کھانا
نسیم احمد، شیخوپورہ 

خواب : میں نے دیکھا کہ مجھے ایک ڈبے میں کوئی تحفہ آیا ہے ۔ میں اسے کھول کر دیکھ رہا ہوں کہ وہ انتہائی لذیذ چاول ہوتے ہیں جو کہ بہت ہی منفرد ذائقہ رکھتے ہیں ۔ میں اپنی بیوی کو بلاتا ہوں کہ یہ تم بھی کھا کر دیکھو جس پہ وہ بھی کھا کر کہتی ہے کہ سب اجزا بے حد خالص اور منفرد ہیں ۔ یہ نہیں پتہ کہ کس نے بھیجا ہے مگر میں دیکھتا ہوں کہ ہم سب کھاتے ہوئے بہت خوش ہیں اور خوب مزے لے کر کھا رہے ہیں ۔ 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات ملے گی۔ اگر خدانخواستہ کسی مقدمے میں پھنسے ہیں تو بھی اللہ تعالی کی مہربانی سے خلاصی ہو گی ۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آ پ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ 

صحرا میں نخلستان
عامر علی، بہاولپور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں شائد دبئی میں ہوں اور کسی صحرا جیسی جگہ پر ہوں مگر دور دیکھتا ہوں تو نخلستان نظر آتا ہے ۔ وہاں قریب جا کر دیکھتا ہوں تو بہت سے کھجور کے درخت ہیں اور شائد کوئی کنواں نما چیز میں ادھر سے پانی نکالتا ہوں تو کوئی بزرگ بھی آ جاتے ہیں یا شائد پہلے سے موجود تھے ۔ میں ان کی خدمت میں پانی پیش کرتا ہوں تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور مجھے دعائیں دیتے ہیں ۔ میں خود بھی اتنی سرسبز جگہ کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ صحرا میں ایسی جگہ تو نعمت سے کم نہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی ۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں