کورنگی کے علاقے 3 نمبر میں گھر کے اندر دوست نے اپنے ہی گھر میں آئے ہوئے دوست کو جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی جہاں اس کی شناخت 19 سالہ سفیان کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او کورنگی ملک عامر نے بتایا کہ شاہ زیب نامی نوجوان کے گھر میں محلے کے چار سے پانچ دوست بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران جھگڑے میں شاہ زیب نے سفیان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ گھر میں موجود دیگر دوست بھی منظر عام سے غائب ہوگئے جنھیں پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔
تاہم ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ مقتول اور ملزم کے دوران کسی بات پر جھگڑا ہوا جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ ملزم کی گرفتاری اور دیگر دوستوں کے سامنے آنے پر ہی وجہ کا تعین ہو سکے گا۔
پولیس اس ضمن میں مقتول کے اہلخانہ اور اہل محلہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔