سچل پولیس نے جوہر کمپلیکس میں نوعمر لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تشدد میں ملوث سمیع نامی شخص کو گرفتار کر کے سرکاری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
مدعی مقدمہ سب انسپکٹر مختیار احمد کے مطابق وہ علاقے میں انسداد جرائم کے لیے دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ گشت پر تھا کہ مخبر نے اطلاع دی کہ 16 نومبر کی شام 6 بجے کے قریب ایک شخص جو کہ ایک بچے کو بمقام اندرون یونین آفس جوہر کمپلیکس یونیورسٹی روڈ میں حبس بیجا میں رکھ کر تشدد کر رہا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور وہ اس وقت جوہر کمپلیکس میں موجود ہے جس پر انھوں نے مذکورہ مقام پر پہنچ کر مخبر کی جانب سے نشاندہی کرنے پر مذکورہ شخص کو پکڑ کر اس کا نام دریافت کیا تو اس نے اپنا نام سمیع علوی بتایا۔
مدعی کے مطابق پکڑے جانے والے شخص کو مذکورہ ویڈیو دکھائی تو اس نے واقعہ تشدد کرنے کی تصدیق کی جس پر پولیس نے اسے گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 1919 سال 2024 بجرم دفعات 342 اور 337 اے کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔