بشریٰ بی بی آئندہ سماعت پر پیش ہوں، اب استثنا نہیں ملے گا، پشاور ہائیکورٹ میں ضمانت منظور
ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں، اب حاضری سے استثنا نہیں ملے گا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے بشریٰ بی بی کی آج عدالت حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو 3 ہفتوں کی حفاظتی ضمانت دے دی۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار پیش ہوں، استثنا کی درخواست منظور نہیں کریں گے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم نے اس لیے استثنا کی درخواست دی ہے کہ وہ بیمار ہیں۔ انہیں سیریس ہیلتھ ایشو ہے، اس وجہ سے عدالت نہیں آ سکتیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس بار آپ کی استثنا کی درخواست منظور کرتے ہیں، آئندہ سماعت پر پھر استثنا کی درخواست منظور نہیں کریں گے۔عدالت نے بشریٰ بی بی کو 23 دسمبر تک حفاظتی ضمانت دے دی۔