کراچی میں دوست کے ہاتھوں دوست قتل، ملزم پولیس اہل کار نکلا
کراچی میں دوست نے جھگڑے کے دوران دوسرے دوست کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
کورنگی کے علاقے 3 نمبر میں گھر کے اندر دوست نے اپنے ہی گھر میں آئے ہوئے دوست کو جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئی جہاں اس کی شناخت 19 سالہ سفیان کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او کورنگی ملک عامر نے بتایا کہ شاہ زیب نامی نوجوان کے گھر میں محلے کے چار سے پانچ دوست بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران جھگڑے میں شاہ زیب نے سفیان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ گھر میں موجود دیگر دوست بھی منظر عام سے غائب ہوگئے جنہیں پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ مقتول اور ملزم کے دوران کسی بات پر جھگڑا ہوا جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا تاہم ملزم کی گرفتاری اور دیگر دوستوں کے سامنے آنے پر ہی وجہ کا تعین ہو سکے گا۔ پولیس اس ضمن میں مقتول کے اہلخانہ اور اہل محلہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔
بعد ازاں پولیس نے نوجوان کو قتل کرنے کے واقعے کامقدمہ درج کرلیا، جس میں مقتول کے دوست شاہ زیب کو نامزد کیا گیا ہے۔کورنگی تھانے کے علاقے کورنگی نمبر3 سیکٹر 1/34 میں واقع مکان نمبر275 میں نوجوان سفیان ولد محمد جاوید کوفائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کامقدمہ24/701 مقتول نوجوان کے والد محمد جاوید کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق بھتیجے نے آکر بیٹے سفیان کو گولی لگنے کی اطلاع دی، جس پر فوراً جائے وقوع پر پہنچے تو بیٹا زخمی حالت میں اپنے دوست سعد کے ساتھ موجود تھا۔ راستے میں معلوم ہوا کہ شاہ زیب نامی دوست نے بیٹے کو گولی ماری۔ میرا بیٹا راستے ہی میں دم توڑ گیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق سفیان کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا شاہ زیب پولیس اہلکارہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت مقتول سفیان اپنے دیگر 4 دوستوں کے ساتھ موجود تھا، 3 دوستوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔ فائرنگ کرنے والا ملزم تاحال ہے۔ واقعے کے وقت پانچوں نوجوان مبینہ طور پر شراب نوشی کررہے تھے۔