کراچی: جوہر کمپلیکس میں نوعمر لڑکے پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار

پولیس نے ملزم کیخلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا

فوٹو- فائل

کراچی:

سچل پولیس نے جوہر کمپلیکس میں نوعمر لڑکے پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

واقعہ کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تشدد میں ملوث سمیع نامی شخص کو کو گرفتار کر کے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

مدعی مقدمہ سب انسپکٹر مختیار احمد کے مطابق مخبر نے اطلاع دی کہ 16 نومبر کی شام 6 بجے کے قریب ملزم نے ایک بچے کو یونین آفس جوہر کمپلیکس یونیورسٹی روڈ میں حبس بیجا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور وہ اس وقت جوہر کمپلیکس میں موجود ہے۔

مخبر کی اطلاع پر پولیس نے مذکورہ مقام پر پہنچ کر مذکورہ شخص کو پکڑ کر اس کا نام دریافت کیا تو اس نے اپنا نام سمیع علوی بتایا۔

مدعی کے مطابق پکڑے جانے والے شخص کو مذکورہ ویڈیو دکھائی تو اس نے تشدد کا اعتراف کیا جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا۔

Load Next Story