اسموگ میں کمی کیلیے اقدامات، 4 روز میں درجنوں بھٹے و صنعتی یونٹ مسمار
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اینٹی اسموگ آپریشن جاری ہے۔
پنجاب کی سینیر وزیر مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران پنجاب بھر میں آلودگی پھیلانے والے درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹس مسمار جبکہ متعدد فیکٹریاں اور کارخانے سیل کردئیے گئے۔ 15 نومبر کو 17جبکہ 16 اور 17 نومبر کوزگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے مزید 17بھٹے گرائے گئے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی، سرگودھا ، جھنگ،لیہ، بہاولنگر اور پاک پتن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گرایا گیا۔ سب سے زیادہ 14 بھٹے ملتان میں اورلیہ میں 8 بھٹے گرائے گئے۔ 15 نومبر کو لاہور اور گوجرانوالہ میں 20 صنعتی یونٹس آلودگی پھیلانے پر مسمار کئے گئے۔
سینیر وزیر پنجاب کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو 16صنعتی یونٹس گرائے گئے۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، قصور میں کارروائیاں کی گئیں۔ آلودگی پھیلانے پر 51 صنعتی یونٹس کو سربمہر کردیاگیا۔ فیروز والا میں اسٹیل مل بھی سیل کردی گئی۔ لاہور میں آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف بڑی کارروائی میں 30 سیل کردئیے گئے اورپانچ صنعتی یونٹس گرادئیے گئے اور4 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔
دوسری جانب لاہور اینٹری پوائنٹس اور سگیاں پل سمیت مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی پڑتال کا عمل جاری ہے۔ تعمیراتی سامان لیجانے والی گاڑیوں کو نہ ڈھانپنے پر بھی کارروائی کی گئی۔ گرین لاک ڈاون والے علاقوں میں کمرشل جنریٹرز کی جانچ پڑتال اور سیف سٹی کیمروں سے نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔