سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ڈیجیٹل دہشتگردی کی جا رہی ہے، شرجیل میمن

یہ لوگ جب بھی اسلام آباد آئے، پرامن نہیں آئے، یہاں بندوق اور بدمعاشی نہیں چل سکتی، سینئر صوبائی وزیر

کراچی:

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ڈیجیٹل دہشتگردی کی جا رہی ہے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دفتر کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں پیپلز بس سروس کے تحت چلنے والی بسوں کی مانیٹرنگ ہو گی ۔ کسی اسٹاف کا رویہ خراب ہوا تو ریکارڈ ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ سیفٹی اور سیکورٹی بھی بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں اور بس ڈرائیور کے رویوں کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ 

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایک ٹولہ ہے جو انارکی پھیلا رہا ہے۔سب سے پہلے ہماراملک ہے، ہمارے معاشی حالات بہترہورہے ہیں، اسٹاک بڑھ رہاہے جب کہ یہ لوگ معیشت کے پہیے کو جام کرنا چاہتے ہیں۔ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ ہر شخص پانچ پانچ ہزار لوگ لائے ورنہ ٹکٹ نہیں دیا جائے گا، اس طرح سے یہ لوگ سیاست دانوں کو بلیک میل کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کااندوہناک سانحہ تھا، یہ کوئی عام دن نہیں تھا۔ یہ لوگ جب بھی اسلام آباد آئے، پرامن نہیں آئے۔ گنڈاپورصاحب ان کوچھوڑ کرچلے گئے تھے۔ ایک صوبے کےوزیراعلیٰ کی طرف سے وفاق پریلغارغلط عمل ہے۔ یہاں بندوق اوربدمعاشی نہیں چل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی ٹولہ ہے جو چاہتا ہے کہ ملک میں انارکی، انتشار پھیلایا جائے۔ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے، لیکن کوئی قوت ہے جو چاہتی ہے کہ پاکستان میں معیشت کا پہیہ نہ چلے۔ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ڈیجیٹل دہشت گردی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینالز پر حکومت سندھ کو شدید تحفظات ہیں، اس پر ہمارا مؤقف اٹل ہے۔

Load Next Story