ایپل نے آئی فون 16 پر سے پابندی اٹھانے کے بدلے انڈونیشیا میں 100 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔
بلوم برگ کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کی انڈونیشیا کی حکومت کو آئی فون 16 کی فروخت پر عائد پابندی ہٹانے کیلئے نئی پیشکش سامنے آئی ہے جس کے تحت ایپل دو برس کے دوران انڈونیشا میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انڈونیشیا کی وزارت صنعت نے گزشتہ ماہ ملک میں آئی فون 16 کی فروخت پر پابندی لگادی تھی اور ایپل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مقامی سطح پر اپنے اسمارٹ فونز کی تیاری و تحقیق پر توجہ دے۔
قبل ازیں بلومبرگ نے اطلاع دی تھی کہ ایپل نے انڈونیشیا میں 10 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی آفر دی ہے جس سے جکارتہ میں ایک فیکٹری قائم ہوگی جہاں ایپل کے گیجٹس کے لیے پرزے بنائے جائیں گے۔
ایپل نے اب اپنی 10 ملین ڈالر کی پیشکش کو بڑھا کر 100 ملین ڈالر کردیا ہے لیکن انڈونیشیا کی حکومت نے تاحال اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انڈونیشیا نے TikTok کے پیرنٹ ByteDance کے خلاف بھی یہی حربے استعمال کرکے انہیں انڈونیشیا میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کیا تھا۔