پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی تعاون میں مزید مضبوطی کیلیے ملکر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم کا 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون میں مزید مضبوطی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ عزت مآب ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا پاکستان میں خیر مقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات میں غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہء خیال بھی کیا گیا۔ ریاض میں ہونے والی حالیہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کی اور فلسطین میں اسرائیل کے نسل کشی کے اقدامات کے خلاف اور غزہ میں تشدد کے خاتمے کے لیے اجتماعی طور پر امت مسلمہ کو متحد کرنے کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نائب وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا دورہ ان حساس شعبوں میں تعاون کے حوالے سے دونوں فریقوں کو قریب لانے میں مدد دے گا۔

وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔

Load Next Story