پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے 24 نومبر احتجاج کے حوالے سے پلان تیار کرلیا
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کے حوالے سے پلان تیار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ضلعی صدر ارباب عاصم نے کہا کہ 24 نومبر احتجاج کے لئے پلان تیار ہے، پشاور اور خیبر سے آنے والے قافلے انٹرچینج پر اکٹھے ہونگے جبکہ چارسدہ، نوشہرہ، مردان کے قافلے بھی راستے میں شامل ہونگے اور پھر صوابی کے ریسٹ ایریا میں جمع ہوں گے۔
ارباب عاصم کے مطابق قافلے وزیراعلی کی قیادت میں صوابی سے روانہ ہونگے، ڈیرہ اور جنوبی اضلاع کے قافلے ہکلہ انٹرچینج سے موٹروے پر میں قافلے کے ساتھ شامل ہونگے۔
ضلعی صدر نے بتایا کہ ہزارہ ڈویژن کے قافلے عمر ایوب کی قیادت میں ہزارہ انٹرچینج سے موٹروے پر مرکزی قافلے میں شامل ہوں گے، ملاکنڈ ڈویژن کے قافلے بھی موٹروے سے مرکزی قافلے میں شامل ہونگے۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی قافلے کے لئے کنٹینر تیار کیا جا رہا ہے، احتجاج کی قیادت وزیراعلی خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور کریں گے۔
شیڈول کے مطابق پشاور سے قافلے 10 بجے پشاور انٹرچینج سے روانہ ہونگے جبکہ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی جلوس کی نگرانی اور قیادت کرتے ہوئے مرکزی قافلے میں شامل ہوں گے۔
ضلعی صدر نے کہا ہے کہ سردی کے باعث صبح 10 بجے روانہ ہونے کی کوشش کی جائے گی، ہم ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے اور وہاں کس مقام پر جمع ہونا ہے اسے ابھی خفیہ رکھا گیا ہے۔