ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ؛ غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد شروع، افغانستان کی ٹیم پشاور پہنچ گئی

ساؤتھ افریقہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم  بدھ  کی صبح لاہور پہنچے گی جبکہ دیگر ٹیمیوں کی جمعرات  کو آمد طے  ہے


زبیر نذیر November 19, 2024

چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے غیرملکی ٹیموں کی  پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، افغانستان کی 18 رکنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم طورخم کے راستے پشاور پہنچ گئی۔

پہلی مرتبہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی افغان ٹیم میں ابسین خان( کپتان)،سردار ولی،غلام رحمان، عبدل ملک، دروان، بریالی، ذبیح اللہ، شرافت، اجمل، سمیع اللہ، فرمان، فہیم، اسد، روح اللہ، زاہد، عزت اور احسان سمیم شامل ہیں، ثناء اللہ خان مروت کوچ، ڈاکٹر شفیق فزیو اور سید جلال ٹرینر ہیں، ٹیم کے دو کھلاڑی ویزا ملنے کے بعد پاکستان آجائیں گے۔

دریں اثناء ساؤتھ افریقہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم  بدھ  کی صبح لاہور پہنچے گی جبکہ دیگر ٹیمیوں کی جمعرات  کو آمد طے  ہے، دوسری جانب7 ٹیموں کے ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنی وزارت خارجہ کی جانب سے این او سی کے عدم اجرا کے سبب  دستبردار ہوگئی ہے۔

22 نومبر کولاہور کے الحمرا ہال میں چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد طے ہے اور اس موقعہ پر وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز مہمان خصوصی ہوں گی جبکہ اگلے روز میچز کا آغاز ہوگا۔

دفاعی چیمپئین اور میزبان پاکستان کا جنوبی افریقہ سے قذافی انسٹی ٹیوٹ آف کرکٹ، ڈی ایچ اے پر مقابلہ ہوگا، سری لنکا  کی ٹیم نیپال سے ٹکرائے گی جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم بھارت کی منتظر ہوگی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 25 نومبر کو طے ہے، سیمی فائنلز یکم دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل اور اختتامی تقریب 3 دسمبر کو طے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں