پنجاب میں نایاب جنگلی جانوروں اور پرندوں کے 12 غیر قانونی شکاری و ڈیلرز گرفتار، بھاری جرمانے عائد

لاہور میں طوطوں کی آن لائن خریدوفروخت میں ملوث دو ملزمان کو آن لائن ٹریفکینگ کمبٹ یونٹ نے تلاش کر کے گرفتار کیا

پنجاب میں ضلع لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سے نایاب جنگلی جانوروں اور پرندوں کے 12 غیرقانونی شکاری و ڈیلرز گرفتار کر کے انہیں بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کی خریدو فروخت اور ناجائز پکڑ دھکڑ کو روکنے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن ڈاکٹر غلام رسول نے ایک خصوصی آن لائن ٹریفکینگ کمبٹ یونٹ تشکیل دیا ہے جس نے طوطوں کی آن لائن خریدوفروخت میں ملوث دو ملزمان کو تلاش کرکے گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے ایک درجن کے لگ بھگ گانی دار طوطے برآمد ہوئے۔ ملزمان کا وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

اسی طرح کی ایک کامیاب کارروائی کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف فیصل آباد عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں جنگلی طوطوں کا ایک غیرقانونی شکاری گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو 10ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے کیس نمٹادیا۔

ایسی ہی تین مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد کی سربراہی میں وائلڈلائف اسٹاف راولپنڈی ریجن نے کہوٹہ میں ککڑ کے غیرقانونی شکار میں مشغول 2 شکاریوں کو گرفتار کر کے 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

ایک دیگر کارروائی میں کہوٹہ ہی میں کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیرقانونی شکار میں ملوث 4 شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے انہیں مبلغ 40 ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ راولپنڈی تحصیل کے علاقہ میں تیتر کے 3 غیرقانونی شکاریوں کو مبلغ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے کیس نمٹا دیا۔

Load Next Story