پنجاب بھر میں درجنوں بھٹے، صنعتی یونٹس مسمار کردیے گئے، سینئر صوبائی وزیر

آلودگی پھیلانے پر51 صنعتی یونٹس کو سربمہر اور فیروز والا میں اسٹیل مل بھی سیل کردی گئی ہے، مریم اورنگزیب


Amir Ilyas Rana November 19, 2024
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسموگ میں کمی کے باوجود اینٹی اسموگ کارروائیاں جاری ہیں—فوٹو: فائل

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسموگ میں کمی کے باوجود لاہور سمیت پورے پنجاب میں اینٹی سموگ گرینڈ آپریشن پوری شدت سے جاری ہے اور آلودگی کا باعث بننے والے درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹس مسمار کردیے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ چار دن کے دوران پنجاب بھر میں آلودگی پھیلانے والے درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹس مسمار، درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کردیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 15  نومبر کو 17 جبکہ 16 اور 17 نومبر کوزگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے مزید 17 بھٹے گرائے گئے، خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی، سرگودھا، جھنگ، لیہ، بہاولنگر اور پاک پتن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گرایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ 14 بھٹے ملتان اور 8 لیہ میں گرائے گئے، 15نومبر کو لاہور اور گوجرانوالہ میں 20 صنعتی یونٹس آلودگی پھیلانے پر مسمار کیے گئے،16 اور 17 نومبر کو16 صنعتی یونٹس گرائے گئے، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور قصور میں بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ آلودگی پھیلانے پر51 صنعتی یونٹس کو سربمہر کردیا گیا ہے اور فیروز والا میں اسٹیل مل بھی سیل کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف بڑی کارروائی کی اور30 سیل، 5 صنعتی یونٹس گرادیے گئے اورچارلاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد نہ کرنے والے یونٹس پر بھی چھاپے مارے جاچکے ہیں، لاہوراینٹری پوائنٹس اور سگیاں پل سمیت مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی پڑتال کا عمل جاری ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تعمیراتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو نہ ڈھانپنے پر بھی کارروائی ہوگی، گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کمرشل جنریٹرز کی جانچ پڑتال اورسیف سٹی کیمروں سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاﺅ کیا جا رہا ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں ای پی اے، ایڈمنسٹریشن، پولیس، ڈی سی اورکمشنر کو شاباش بھی دی اور کہا کہ عوام انتظامیہ، اداروں کے ہر افسر اور عملے کا ہر رُکن کو خراج تحسین پیش کریں کیونکہ پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی جان کا تحفظ اولین ترجیح رہے گی، سب مل کر کوشش کریں گے تو اسموگ سے نجات ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں