علیم خان کی آذربائیجان کے وزیر کو پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری میں حصہ لینے کی دعوت

وفاقی وزیر نے باکو میں آذربائیجان کے وزیراکانومی سے ملاقات کی اور باہمی معاشی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا


ارشاد انصاری November 19, 2024
وفاقی وزیر علیم خان نے آذربائیجان کے وزیراکانومی سے باکو میں ملاقات کی—فوٹو:پی آئی ڈی

اسلام آباد:

وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے ساتھ باہمی تعلقات مضبوط کرنے کا عزم دہراتے ہوئے اقتصادی امور کے وزیرمیکائیل جیباروف کو پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل میں شامل ہونے کی دعوت دے دی۔

وفاقی وزارت نجکاری سے جاری بیان کے مطابق وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے شہر باکو میں وزیر اکانومی میکائیل جیباروف سے ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق آذربائیجان کے وزیراکانومی سے ملاقات کے بعد باقاعدہ اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے باہمی تجارت، دو طرفہ تعلقات اور تعاون میں اضافے پر بات چیت کی۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیرمعیشت میکائیل جیباروف سے باہمی دلچسپی بالخصوص تجارت میں اضافے اور باہمی معاہدوں سمیت مختلف آپشنز پر بات چیت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان میرا دوسرا گھر ہے اور یہ ہمارے دلوں کے نزدیک ملک ہے اورہم آذربائیجان کے ساتھ باہمی تعلقات مزید بڑھائیں گے۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی اجلاس میں آذربائیجان کی حکومت سے پاکستان میں نجکاری کے حوالے سے جی ٹو جی اور بی ٹو بی کی طرز پر شراکت پر مذاکرات ہوئے۔

وزارت نجکاری کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مذاکرات کے دوران وزیر اکانومی میکائیل جیباروف کو پی آئی اے، زرعی ترقیاتی بینک، ڈسکوز، یوٹیلیٹی اسٹورز اور دیگر منصوبوں کی نجکاری میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

آذربائیجان کے وزیر اکانومی میکائیل جیباروف نے پاکستان سے باکو تک براہ راست پرواز پراطمینان کا اظہارکیا اوران کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باکو کی پرواز  سے ہمارے سیاحت کے شعبے میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان ایل این جی اور رینیوایبل انرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے ٹھوس اور قابل عمل اقدامات کرنے ہوں گے۔

وفاقی وزیرپاکستان میں شعبہ مواصلات میں بھی آذربائیجان کو باہمی تعاون کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سکھر سے کراچی موٹروے ایم 6 بندرگاہ سے براہ راست منسلک ہے، آذربائیجان اس میں حصہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس باہمی تعاون اور دو طرفہ امور کو جوائنٹ وینچرز اور ایم او یوز سے آگے لے کر جانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں