چمپیئنز ٹرافی کے دورہ پاکستان کا آخری مرحلہ، بدھ کو کراچی میں نمائش ہوگی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اگلے برس کے شروع میں پاکستان میں شیڈول چمپیئنز ٹرافی کا کپ عالمی دورے میں میزبان ملک میں موجود ہے اور ٹرافی کی دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں بدھ کو کراچی میں نمائش ہوگی۔
آئی سی سی کی جانب سے میزبان ملک پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے اپنے منظور شدہ دورے میں تبدیلی کی گئی اور متعدد مقامات کا دورہ منسوخ کردیا گیا۔
ٹرافی کی بدھ کو شہر قائد میں آمد ہوگی، جس کے بعد ٹرافی مقامی ہوٹل پہنچا دی جائے گی اورشیڈول کے مطابق ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہے گی، ٹرافی کو مزار قائد کے بعد موہٹہ پیلس اور نیشنل بینک اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔
چمپیئنز ٹرافی کو عوامی نمائش کے لیے مختلف مقامات کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں میں بھی لے جایا جائے گا، ٹرافی پاکستان کے بعد 26 نومبر کوافغانستان پہنچا دی جائے گی جہاں 28نومبر تک نمائش ہوگی۔
بعد ازاں ٹرافی 10 سے 13 دسمبر تک بنگلا دیش، 15 سے 22 دسمبر تک جنوبی افریقا میں رہے گی، 25 دسمبر سے 5 جنوری 2025 تک آسٹریلیا کا دورہ ہوگا،6 سے 11 جنوری 2025 تک نیوزی لینڈ، 12 سے 14 جنوری تک انگلینڈ کے دورے کے بعد آخر میں 15 سے 26 جنوری 2025 تک بھارت میں ٹرافی کی نمائش کی جائے گی۔
ٹرافی عالمی دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس پاکستان آئے گی جبکہ ٹرافی کے دورے کا آغاز پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہوا تھا جہاں چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم، متعدد تعلیمی اداروں اور مختلف مقامات پر لے جایا گیا تھا، ٹرافی نےٹیکسلا، خان پور،ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی کا بھی دورہ کیا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے پرٹرافی کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں ردوبدل کیا تھا جس کے باعث تین شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد میں ٹرافی کی نمائش منسوخ کر دی گئی تھی۔