کراچی:
سندھ حکومت نے ترکیہ اور سوئیدن کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ترکیہ، سوئیڈن کے سفیروں اور عمان کے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کے دوران ترکیہ کے نئے سفیر عرفان نیزیروگلو کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں کیونکہ ترکیہ کے ساتھ ہمارے خصوصی تعلقات ہیں۔
ترک سفیر نے کہا کہ ترکی کی ٹاپ کمپنیاں آئیڈیاز نمائش 2024 میں شرکت کے لیے پاکستان آئی ہیں، پاکستان ترک عوام اور حکومت کے لیے بہت اہم ہے۔
مراد علی شاہ نے ترکش کمپنیز کو انرجی، کول مائننگ ودیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گیس، پیٹرول، کوئلہ اور قدرت کی لازوال نعمتیں بڑی مقدار میں موجود ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری حکومت پی پی پی موڈ پر بھی ترکش کمپنیز کے ساتھ کام کرسکتی ہے۔ ملاقات میں طے ہوا کہ وزیراعلیٰ کے معان خصوصی قاسم نوید ترکش سفیر کے ساتھ رابطہ کریں گے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے سویڈن کی سفیر مس الیگزینڈرا برگ وون لِنڈے نے ملاقات کی، سوئڈش سفیر کا پاکستان تعیناتی کے بعد یہ کراچی کا پہلا دورہ ہے۔
سوئیڈش سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سوئیڈن کے سفارتی تعلقات کو 75 برس مکمل ہوگئے ہیں، کراچی دورے کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کی تشخیص کرنا ہے، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو پنک بس چلانے پر مبارکباد دی۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سوئیڈن اور پاکستان کے درمیان تجارت کم ہوتی جارہی ہے جسے فروغ دینے کیلئے سوئیڈش سفیر اپنا کردار ادا کریں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ سوئیڈش کمپینز پاکستان میں کام کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے مزید سوئیڈش کمپنیز کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ سوئیڈش کمپنیاں ونڈ انرجی ، سولر انرجی اور واٹر مینجمنٹ پروجیکٹس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ عوام کو پینے کا صاف پانی اور سستی بجلی مہیا کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سے عمان کے قونصل جنرل انجنیئر سمیع عبداللہ الخنجاری نے بھی ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو عمان کے قومی دن کے پروگرام کی دعوت دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عمان نہ صرف ہمارا برادر ملک ہے بلکہ جغرافیائی طور پر قریبی سلطنت ہے، وزیراعلیٰ نے قونصل جنرل کو عمان کے قومی دن کی پیشگی مبارکباد دی۔