مایہ ناز ٹینس اسٹار رافیل نڈال ڈیوس کپ میں ہالینڈ کے حریف کے ہاتھوں 2-1 کی شکست کے بعد مالاگا میں اپنے مداحوں کی جانب سے پرجوش الوداعی وصول کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔
یہ میچ 38 سالہ رافیل نڈال کا آخری پروفیشنل میچ تھا جس سے ان کے شاندار کیریئر کا اختتام ہوا، جذبات سے لبریز ٹینس اسٹار نے مالاگا کے میدان میں 15 منٹ تک فینز سے گفتگو کی۔
22 بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن نے اپنے ٹینس کے سفر کو یاد کرتے ہوئے جذبات سے آنسو روکنے کی کوشش تو کی تاہم وہ اپنے جذبات قابو نہ کرسکے اور ہزاروں مداحوں کے سامنے آبدیدہ ہوگئے۔
ٹینس اسٹار نے ٹینس سفر کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ میں اس راستے میں بہت سارے دوستوں سے ملنے کے بعد ٹینس کی دنیا چھوڑ رہا ہوں، اس ذہنی سکون کے ساتھ جارہا ہوں کہ میں نے ایک کھیل اور ذاتی وراثت چھوڑی جس پر مجھے فخر ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل رافیل نڈال کا سنگلز میچ بوٹک وین ڈی زنڈشلپ کے ہاتھوں 6-4، 6-4 سے شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور ڈیوس کپ سنگلز میں ان کی 29 میچوں کی جیت کا سلسلہ ٹوٹ گیا تھا۔