مذاکرات یا ڈیل سے متعلق عمران خان نے کیا کہا؟ فیصل چوہدری نے بتا دیا
سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی اور مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے اہم پیغام دیا ہے کہ مذاکرات انہی سے ہوں گے جن کے پاس اصل طاقت ہے اور ہمارے مطالبات تسلیم کیے جائیں گے تو احتجاج کال آف ہوگا۔ میں نے کل تک مذاکرات کے لیے وقت دیا ہے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔
عمران خان کے حوالے سے فیصل چوہدری نے بتایا کہ اگر کل تک مذاکرات کے حوالے سے بات آگے بڑھتی ہے تو ٹھیک ہے، اگر بات آگے نہیں بڑھی تو ہمارا احتجاج ضرور ہوگا۔ احتجاج پر ایک ارب روپے کے اخراجات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا، میڈیا کا گلا دبایا گیا ہے اور میری بات چلنے پر پابندی ہے، سوشل میڈیا پر بھی پابندیاں ہیں، سیاسی جماعتیں ملک کو اکٹھا رکھتی ہیں۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ 9 مئی کے بعد میں نے دوسری دفعہ احتجاج کی کال دی ہے اور ہمیشہ پر امن احتجاج کی کال دی ہے، مذاکرات کل تک آگے بڑھے تو احتجاج نہیں جشن ہوگا۔ ہمیں جلسے نہیں کرنے دیے جاتے، 24 نومبر کی کال پوری قوم کے لیے ہے۔