اسلام آباد میں 16 اور پنڈی میں 3 مقدمات، عمران خان رہا نہیں ہوسکیں گے

توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت پر رہائی کے حکم کے باوجود عمران خان کو جیل سے رہائی نہیں ملے گی


ویب ڈیسک November 20, 2024

اسلام آباد:

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی میں اسلام آباد میں درج 16 اور راولپنڈی میں درج 3 مقدمات رکاوٹ بن گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ضمانت پر رہائی کے حکم کے باوجود جیل سے باہر نہیں آسکیں گے، گزشتہ ماہ پنڈی میں درج ہوئے مقدمات ان کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔

پانچ اکتوبر کے احتجاج پر عمران خان کے خلاف 3 مقدمات درج ہوئے ہیں تاہم پنڈی میں درج مقدمات میں عمران خان کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا، پنڈی کے تمام مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہیں، یہ مقدمات تھانہ نصیر آباد، نیو ٹاؤن اور ٹیکسلا میں درج ہوئے ہیں۔

یہ پڑھیں : عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور، رہائی کا حکم

9 مئی کے 5 مقدمات میں ضمانت کے باوجود بانی پی ٹی آئی کے ضمانتی مچلکے داخل نہیں کروائے گئے۔

ضمانتی مچلکے داخل ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی رہائی کے احکامات جاری کرے گی۔

اسلام آباد میں مقدمات

اسی طرح عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانوں میں مزید 16 مقدمات درج ہیں، عمران خان کے مچلکے کل اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں جمع کرائے جائیں گے ان 16مقدمات میں عمران خان کی تاحال ضمانت نہیں ہوئی، یہ مقدمات نو مئی واقعے پر درج کیے گئے ہیں۔

ان میں تھانہ کوہسار میں چار، تھانہ نون میں دو، کورال میں ایک، تھانہ گولڑہ، کراچی کمپنی، آئی نائن، شہزاد ٹاؤن، سنگجانی، رمنا میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے۔ اسی طرح تھانہ آب پارہ، مارگلہ اور تھانہ ترنول میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے۔

ان مقدمات میں دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں