لاہور؛ خلائی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ریزالو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح

یہ سنگ میل پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں ترقی کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے، سپارکو


ویب ڈیسک November 20, 2024
سپارکو نے جدید لیب تحقیق کے فروغ کے لیے شروع کی ہے—فوٹو: فائل

لاہور:

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان میں خلائی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ریزالو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح کر دیا۔

پاکستان میں خلائی ٹیکنالوجی اور تحقیق کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پرسپارکو نے 20 نومبر 2024 کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور میں جدید ترین ریزالو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح کیا، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ سنگ میل پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں ترقی کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔ 

سپارکو نے اعلامیے میں کہا کہ معاشی ترقی کے قومی اہداف کے مطابق سپارکو نے لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) میں ریزالو (ریسرچ سولیوشنز اینڈ وینچرز) کے اقدام کے تحت یہ نیا تحقیقی مرکز قائم کیا ہے۔

لیب کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس جدید تحقیق و ترقی کے نظام کا مقصد پاکستان کے شمال، مرکز اور جنوب میں تکنیکی تحقیقی لیبارٹریوں کا قیام ہے، جو تعلیمی اداروں اور صنعت کو جدید ٹیکنالوجی پر کام کرنے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جدید کمپیوٹنگ وسائل سے لیس یہ لیبارٹریاں محققین کوپیچیدہ اور حقیقی دنیا کے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے لیے ایک آزاد اور اشتراکی ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔ 

سپارکو کے مطابق ریزالو تحقیقی لیبارٹریوں کا بنیادی مقصد تعلیمی اور صنعتی تحقیقاتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، خاص طور پر خلائی ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں پر کام کے ذریعے فروغ دیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد نہ صرف پاکستان بھر میں تحقیق و ترقی کی ایک متحرک روایت کا فروغ ہے بلکہ تعلیمی اداروں کو حقیقی دنیا کے منصوبوں میں براہ راست حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ ان تحقیقاتی نتائج کا مقصد پاکستان کے معاشی و تزویراتی اہداف کی حمایت کرنا ہے، جو عالمی خلائی شعبے میں ملک کی امنگوں کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ 

یو ای ٹی لاہور میں قائم ریزالو (سینٹرل) تحقیقی لیب کا تحقیقاتی مرکز جدید سیٹلائٹ ڈیزائن اور ترقیاتی ٹیکنالوجیز اور ان سے متعلقہ ایپلی کیشنز ہوں گی، جن میں جدید انٹینا اور مائیکروویو سسٹمز، محفوظ سیٹلائٹ کمیونیکیشنز، جدید ڈیجیٹل سسٹمزاورایمبیڈڈ سافٹ ویئر، خلائی سینسرز، اسٹرکچر اور مکینزم، خلائی مواد کی تحقیق اور جدید آر ایف پے لوڈز شامل ہیں۔ 

مزید برآں ریزالو مختلف یونیورسٹیوں میں خلائی ٹیکنالوجی کے موضوعات پر لیکچرز، سیمینارز اور خصوصی ورکشاپس کا انعقاد بھی کرے گا اور اس سلسلے میں مختلف جامعات کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت(ایم او یو) پر دستخط کیے جا رہے ہیں تاکہ تعاون کو رسمی شکل دی جا سکے اور ملک بھر میں علم کے تبادلے اور تکنیکی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں